۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان: پاکستان کے باشعور عوام قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں،املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے اپنے آپ کو الگ کریں،آمریت کی راہ ہموار کرنے والے سازشی عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملکی سیاسی صورت حال پر میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو دانشمندی اور حوصلے سے کام لینا ہوگا۔ حالات بے قابو ہوئے تو کچھ نہیں بچے گا، نہ کوئی غدار ہے نا ہی کوئی وطن فروش ، پاکستان کے عوام سڑکوں پراپنے جائز حقوق کی خاطر نکلے ہیں، پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام فقط فوری شفاف انتخابات میں مضمر ہے، مقتدرقوتوں کو چاہئےکہ وہ عوام کو بیلٹ پیپر کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اب بھی وقت ہے کہ ہوش کے ناخن لئے جائیں،موجودہ ملکی بحران کا واحد حل یہ ہے کہ نئے آرمی چیف کی میرٹ پر تعیناتی،صاف شفاف الیکشن کا اعلان اور عمران خان پر بزدلانہ قاتلانہ حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔مزید کوئی حماقت کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پاکستان کو بربادی کی طرف لے جانے کی سازش ہو گی،پاکستان کے باشعور عوام قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں،املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے اپنے آپ کو الگ کریں،آمریت کی راہ ہموار کرنے والے سازشی عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ عوام موروثی سیاسی نظام سے تنگ آچکے ہیں، کرپشن، دہشت گردی، ناانصافی، بے روزگاری،مہنگائی ، نا خواندگی، لوٹ مارنے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا ہے، عوام کے سڑکوں پر نکلنے کی کئی ایک وجوہات ہیں، عوام کو مزید اشتعال سے بچانے کیلئے فوری شفاف انتخابات اور عوام کی منتخب حکومت کو بغیر کسی مداخلت کے اقتدار کی منتقلی اس بحران کے حل کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں اداروں کو اپنی حدود کا تعین کرتے ہوئے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر ملک وقوم کی خدمت کرنی ہوگی تاکہ اس قسم کےبحرانوں کا راستہ ہمیشہ کیلئے روکا جاسکے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .